اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق عدم اعتماد کامیاب بھی ہوجاتی ہے تو عمران خان وزیراعظم رہیں گے، جب تک نیا وزیراعظم حلف نہیں اٹھاتا عمران خان وزیراعظم رہیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک کے حالات تشویشناک ہیں ، 24 گھنٹوں میں ہر گھنٹے ملک کی سیاسی صورتحال بدلے گی۔انہوں نے کہا کہ چار راستے ہیں ، اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور فوری انتخابات کرائے، دوسرا راستہ ہے کہ غیر ملکی طاقتوں سے پیسے لے کر تحریک عدم اعتماد جمع کرانے والی ان جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔تیسرا راستہ پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلیوں سے مستعفی ہو جائیں۔میں دیکھتا ہوں یہ لوگ ملک کیسے چلاتے ہیں، اپوزیشن آپس میں بھی اکٹھے نہیں رہ سکتی، منحرف اراکین قوم کی کیا ترجمانی کریں گے۔اپوزیشن صرف بٹیر پکڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کیخلاف اعلان جنگ کرتا ہوں۔ عمران خان ان کے خلاف گلی، محلے ، چوک چوراہوں پر لڑے گا، ساتھ کھڑا ہوں۔عمران خان مقبول ہو گئے ہیں حالانکہ ہم نے بھی غلطیاں کی ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکا، آج بھی کہتاہوں ملک کے ادارے عظیم ہیں۔ میرا حلقہ جی ایچ کیو ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان اور عید کے بعد ایک ٹی وی چینل پر بطور اینکر بھی آرہا ہوں۔