لاہور: مسلم لیگ (ن )نے عثمان بزدار کا استعفیٰ غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے آئین کے مطابق استعفی ٰدلوائیں۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ اور سردار ایاز صادق نے رات گئے پریس کانفرنس کی۔جس میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو اپنے استعفے میں وزیر اعظم کو نہیں گورنر پنجاب کو ایڈریس کرنا ہو گا، اس کے بعد اگلے وزیر اعلی کی کارروائی کا آغاز ہو گا۔
لیگی رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے پرویز آلہی وزیر اعلی بننے کے لیے بہت جلدی میں ہیں، اگر کل پنجاب اسمبلی کا غیر قانونی اجلاس بلایا گیا تو اپوزیشن احتجاج کرے گی،ہم آئین اور قانون کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نےکہا کہ ٹیلی فون کالز بھی چل رہی ہیں کہ عوام کو شاہراہ دستور پر لایا جائے، استعفی منظور ہوا تو کل کاغذات نامزدگی تب ہی جمع ہو سکیں گے۔ اقلیت کا وزیر اعظم لوگوں کے بچوں کو لڑانے سے باز رہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے بینچ نے چیف جسٹس کی سربراہی میں حکم دیا ہے کہ ریڈ زون میں ووٹنگ والے دن کوئی نہیں آ سکتا، اب یہ پنجاب میں غیر آئینی عمل کے ذریعے تبدیلی لا رہے ہیں، اب وزیر اعلی کے انتخاب والا معاملہ سارے کا سارا غیر قانونی عمل ہے۔