اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے وزیراعظم کی بنیادی ذمہ داری قومی اسمبلی میں عوام کے سوالوں کے جواب دینا ہے۔
قومی اسمبلی میں وزیراعظم کی عوام سے ٹیلیفون پر بات چیت پر بحث کے دوران پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اپنی پسند کی چند کالز لیکر پاکستان کے عوام کا فائدہ نہیں ہو سکتا۔
راجا پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کی بنیادی ذمہ داری قومی اسمبلی میں عوام کے سوالوں کے جواب دینا ہے۔ رکن اسمبلی شاہدہ رحمانی نے کہا کہ وزیراعظم نے جب عوام کی کالز لیں تو الیکشن کمیشن کا فیکس نمبر دیا گیا تھا۔
ن لیگ کے مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا بڑی کوشش کی لیکن وزیراعظم کی کال نہیں ملی، اگر رکن قومی اسمبلی کا وزیراعظم سے رابطہ نہیں ہو رہا تو عوام کا کیا ہو گا۔
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ نادرا ریکارڈ سے نمبر چیک کیا جاتا ہے پھر کال ملائی جاتی ہے۔ حکومت نے کبھی بھی یہ تشہیر نہیں کہ وزیر اعظم براہ راست کالز لیں گے جبکہ وزیراعظم ایوان میں آ کر جواب دینے کو بھی تیار ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اتوار کو عوام کی ٹیلیفون کالز سنیں گے، وزیراعظم صبح ساڑھے 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک کالز سنیں گے۔ عوام اتوار کو وزیر اعظم عمران خان سے 0519224900 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان 4 اپریل کو ٹیلیفون پر آپ کے سوالات کے جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ پہلے وزیراعظم عمران خان کا عوام کے ٹیلیفون کالز سننے کا وقت دوپہر تین بجے بتایا گیا تھا۔