ہنڈا کے بعد یاماہا نے بھی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ کر دیا

ہنڈا کے بعد یاماہا نے بھی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: ہنڈا کمپنی کی جانب سے موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے محض ایک دن بعد یاماہا نے بھی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 7 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یاماہا کمپنی کی جانب سے ہونے والے اضافے کے بعد کمپنی کے ماڈل YB125-Z کی قیمت 1 لاکھ 63 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 69 ہزار روپے ہو گئی ہے جبکہ YB125-ZDX کی قیمت 1 لاکھ 75 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر 1 لاکھ 82 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔ 
کمپنی کے ایک اور ماڈل YBR-125G کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جو اب 1لاکھ 90ہزار کی بجائے اب 1 لاکھ 97ہزار روپے میں دستیاب ہو گی تاہم کمپنی نے قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی وضاحت کے لئے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کی طرف سے گزشتہ7 ماہ میں ڈالر کی گرتی ہوئی قیمت کے بعد کم درآمدی لاگت کے باوجود موٹرسائیکل کی قیمتوں میں ایک ہزار سے 1,600 روپے تک کا اضافہ کیا گیا جن کا اطلاق یکم اپریل سے ہو چکا ہے۔ 
حالیہ اضافے کے بعد ہونڈا کی سی ڈی 70 82 ہزار 900 روپے جبکہ سی جی 125 موٹر سائیکل 1,600 روپے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 36 ہزار 500 روپے میں فروخت ہو گی۔ اس سے پہلے ڈی ایس موٹرز نے سٹیل کی قیمتوں میں اضافے کا کہتے ہوئے یونیک 70 سی سی موٹرسائیکل کے 2 ماڈلز کی قیمتوں پر 20 فروری سے ڈھائی ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا۔