سینچورین: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ریسی وینڈرڈوسن کی عمدہ سنچری کی بدولت پاکستان کو جیت کیلئے 274 رنز کا ہدف دیدیا ہے، ریسی وینڈرڈوسن نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
تفصیلات کے مطابق سپر سپورٹس پارک سینچورین میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے۔ ریسی وینڈرڈوسن نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 134 گیندوں پر دو چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 123 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں ایڈن مارکرم 19، کوینٹن ڈی کوک 20، ٹیمبا باووما ایک، ہینرچ کلاسن ایک، ڈیوڈ ملر 50، اینڈیل فیلوک وائیو 29 اور کاگیسو ربادا 13 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 61 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حارث رﺅف نے 10 اوورز میں 72 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔