ثابت ہوگیا کہ جعلی حکومت نے ڈسکہ کے عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا: مریم نواز

ثابت ہوگیا کہ جعلی حکومت نے ڈسکہ کے عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا: مریم نواز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ‏آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ عمران خان اور اسکی جعلی حکومت نے ڈسکہ کے عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے ۔

اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ صرف ری الیکشن سے بات نہیں بنے گی ، ان وارداتیوں کو ووٹ چوری کرنے اور الیکشن کمیشن کے عملے کو اغوا کرنے کے جرم کا حساب دینا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ‏مسلم لیگ ن کے تمام شیروں کو مبارکباد جنہوں نے ناصرف ووٹ چور ٹولے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا بلکہ اپنے ووٹ پر پہرہ بھی دیا ۔ مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں ڈسکہ کی عوام اور مسلم لیگ نون کی ڈسکہ سے امیدوار نوشین کو شاباش دی ۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ آتے ہی ڈسکہ میں لیگی کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ تحریک انصاف کے کارکنان کا کہنا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں مسلم لیگ ن کو شکست دیں گے ۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخاب کروانے کا حکم دیدیا ۔

اس طرح عدالت کی طرف سے تحریک انصاف کی صرف متنازعہ پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کی درخواست مسترد کر دی گئی ۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا ۔

خیال رہے کہ ضمنی انتخابات میں تشدد ، فائرنگ کے واقعات کے بعد 20 پریذائیڈنگ افسران کے نتائج بروقت نہ پہنچانے پر مسلم لیگ ن نے دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ جبکہ تحریک انصاف نے متنازعہ پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کرانے کی استدعا کی تھی ۔