میانمار میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 43 بچے ہلاک

میانمار میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 43 بچے ہلاک

ینگون: میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں میں اب تک 43 بچے بھی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں ، عالمی ادارے نے رپورٹ جاری کر دی ۔

بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم ، سیو دی چلڈرن نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ میانمار میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق قتل ہونے والوں میں سب سے چھوٹی ایک بچی ہے جس کی عمر 7 سال ہے ۔

واضح رہے کہ میانمار میں یکم فروری کو جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر مارشل لا لگا دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے پُر تشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ، جس میں اب تک 536 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔

ینگون شہر میں مظاہرین پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں ، یکم فروری سے جاری مظاہروں میں 520 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ مختلف شہروں میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں موم بتیاں جلا کر ریلیاں بھی نکالی گئیں ۔ مظاہرین نے فوجی بغاوت کے خلاف نعرے بازی کی اور جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کیا ۔