میڈیا کو دبانے والو کو تاریخ یاد رکھنی چاہئے، بلاول بھٹو

12:03 PM, 2 Apr, 2020

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جو سمجھتے ہیں کہ دھونس سے میڈیا کو دبایا جا سکتا ہے انہیں تاریخ یاد رکھنی چاہیے۔

ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے نامور صحافیوں کو سوشل میڈیا پر گالیاں دینے اور نشانہ بنانے کی مہم کی مذمت کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صحافیوں کو گالیاں دینے کے ٹرینڈز حکومت کے ناقدین کو خاموش کرانے کے لیے ایک اور حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گالیاں دے کر صحافیوں کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ یا تو وہ خاموش رہیں یا خمیازہ بھگتنے کے لیے تیار رہیں، حکومت اور تحریکِ انصاف مخالف آوازوں کی ٹرولنگ کے بجائے کورونا پر توجہ دیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اتنی محنت کورونا پر بے داری کے لیے کی جائے تو وقت اور وسائل کا درست استعمال ہوگا، ان غیر معمولی حالات میں ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بدترین چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمیں یکجا ہونے کی ضرورت ہے، ہم اس نازک موڑ پر فروعی سیاست اور سیاسی الزام تراشی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ جمہوری نظام میں میڈیا اہم کردار ادا کرتا ہے، انسانی تاریخ کے اس بدترین بحران میں میڈیا نے دنیا بھر میں حکومتوں کو ان کے اقدامات پر جواب دہ ٹھہرایا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو سمجھتے ہیں کہ دھونس سے میڈیا کو دبایا جا سکتا ہے انہیں تاریخ یاد رکھنی چاہئے، یاد رکھیں کہ پاکستان کے صحافیوں کی ناانصافی اور ظلم کے خلاف جدوجہد کی ایک لمبی تاریخ ہے۔

مزیدخبریں