راولپنڈی: کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں جیوسٹریٹجک ماحول اور ملک کی مشرقی سرحدوں پر موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے ملک میں دیرپا امن اور استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں قیام امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر حکومت اور تمام فریقین کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے ملکی دفاع کیلئے دوبارہ اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف کامیابیوں کے حصول کے بعد پاکستان مثبت سمت بڑھ رہا ہے۔ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں اب طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کو حاصل ہے۔ ملک امن کے بعد سماجی اور اقتصادی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔