اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے ترک نیول چیف ایڈمرل عدنان اوزبل کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کر دیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے رشتے کی گہرائی الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے، پاکستان اور ترکی عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔ پاکستان اور ترکی کے جمہوری اداروں کے درمیان تعاون انتہائی گہرا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکی مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے جرات مندانہ کردار ادا کر رہا ہے، افغان مسئلے کے حل کیلئے صدر طیب اردوان کا کردار قابل تعریف ہے۔ مسائل کے حل کے لیے اسلامی اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ پاک ترک دفاعی تعلقات مستقبل میں مزید ترقی کریں گے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین نے سینیٹ کا اجلاس 9 اپریل کی سہ پہر 3 بجے طلب کرلیا۔