شہید سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

 شہید سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

اسلام آباد: قائد تحریک آزادی کشمیر شہید سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے عظیم کشمیری رہنما، سید علی شاہ گیلانی کی جرات مندانہ جدوجہد کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔وہ دہائیوں تک امید اور مزاحمت کا چراغ بنے رہے اور بے شمار کشمیریوں کو خودارادیت کی جدو جہد میں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ کشمیری عوام کے جائز مقصد کے لیے ان کی انتھک محنت اور قربانیاں ہمارے دل و دماغ میں ہمیشہ نقش رہیں گی۔ سید علی شاہ گیلانی ایک عظیم رہنما تھے ، قابض بھارتی افواج کی جانب سے نظر بندی اور قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود، وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کیلئے آواز اٹھاتے رہے۔ قید و بند سمیت اُن کی ذاتی مشکلات ان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں اور نہ ہی وہ اپنے مشن سے پیچھے ہٹے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تحریک آزادی کے معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، انہوں نے اپنی پوری زندگی اس مقصد کیلئے وقف کر دی ۔انہو ں نے کہاکہ سید علی گیلانی کشمیر کی آزادی کی تحریک کےمعتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ،وہ کشمیری تحریک کے عظیم رہنما تھے جن کا جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت پر پختہ یقین تھا ،انہوں نے اپنی پوری زندگی اس مقصد کے لئے وقف کردی۔


وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور ان کی خودارادیت کی جدوجہد کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ، قید و بند کی تکالیف اور صعوبتیں ان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں ،ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا ،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ۔

مصنف کے بارے میں