راولپنڈی :آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل سیکرٹری سے مسئلہ جموں و کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان ایک ایسا خطہ چاہتا ہے جہاں امن قائم ہو۔
اقوام متحدہ کے امن مشن کے وزارتی اجلاس کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف عاصم منیر نے اختتامی سیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
امن مشن کے تحفظ اور سکیورٹی کے موضوع پر منعقدہ اجلاس کی مشترکہ میزبانی پاکستان اور جاپان نے کی، اجلاس میں مختلف ممالک کے مندوبین، اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام اور اسلام آباد میں سفارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔
چیف آف آرمی سٹاف نے امن دستوں کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجز اور خطرات کو اجاگر کیا اور کہا کہ عالمی امن کی بحالی میں اقوام متحدہ کا کردار لائق تحسین ہے، اقوام متحدہ امن مشن کو اس قابل بنائے کہ وہ امن مشن پر مامور جوانوں کے تحفظ اور سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے پیچیدہ خطرات سے نمٹنے کے لئے مزید موثر ہو سکے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا خطہ چاہتا ہے جہاں امن قائم ہو، جہاں تجارت، ٹرانزٹ اور سرمایہ کاری جنوبی، مغربی اور وسطی ایشیا کی تمام ریاستوں کے لئے خوشحالی کا باعث بنے، سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مسئلہ جموں و کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
جنرل عاصم منیر نے کہا عالمی امن کی بحالی میں اقوام متحدہ کا کردار لائق تحسین ہے، اقوام متحدہ پیچیدہ خطرات سے نمٹنے کیلئے امن مشن کو مزید موثر بنائے۔