اسلام آباد: محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے موسم کی پیش گوئی کے مطابق سری نگر، لیہہ، پلوامہ، شوپیاں، بارہمولہ اور اننت ناگ میں جزوی طور پر ابر آلود اور خشک موسم کی توقع ہے، جب کہ جموں میں گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
آج صبح ریکارڈ کیا گیا بعض بڑے شہروں کا درجہ حرارت:
اسلام آباد 26 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور 31، کراچی اور پشاور 27، کوئٹہ 22، گلگت اور مرے 16 اور مظفر آباد 24 ڈگری سینٹی گریڈ۔
سری نگر، پلوامہ اور بارہمولہ 17ڈگری سینٹی گریڈ، جموں26، لیہہ 12، اننت ناگ اور شوپیاں 16ڈگری سینٹی گریڈ۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پرپانی کی آمد 81794 کیوسک ہے، ہیڈ سلیمانکی پرپانی کا اخراج 67847 کیوسک ہے۔
ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا اخراج 60587 کیوسک ہے، ہیڈگنڈاسنگھ پر پانی کا لیول 18.80 فٹ ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی نے دریائی بیلٹ کے مواضعات میں عارضی حفاظتی بند توڑ دئیے ہیں، اس کے علاوہ دریائی بیلٹ کو مرکزی شاہراہ سے ملانے والی سڑکوں میں متعدد مقامات پر شگاف پڑچکے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 100 سے زائد آبادیوں کے زمینی راستے منقطع ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، جبکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آچکی ہیں اور سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوچکا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے پانی میں پھنسے 12 ہزار 236 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کو 30 فلڈ ریلیف کیمپس پر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔