پاک جنوبی افریقہ ویمنز ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا

10:11 AM, 1 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی: کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پاکستان ویمنز ٹیم آج جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیلے گی۔

آل راؤنڈر ندا ڈار رواں سال اپریل میں اپنی تقرری کے بعدقومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی۔ یاد رہے کہ فروری میں جنوبی افریقہ میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کے بعد بسمہ معروف نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔


ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیمیں تین ون ڈے میچوں میں ٹکرائیں گی جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کا حصہ ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی شام 7:30 بجے شروع ہوں گے جب کہ ون ڈے شام 3:30 بجے شروع ہوں گے۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ہے۔ 

ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے کہا کہ ٹیم کی ہر کھلاڑی اہم ہے، جنوبی افریقا مشکل حریف ضرور ہے لیکن پاکستان نے اس سے کھیلنے کی بھرپور تیاری کی ہے۔

 
ندا ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمن ٹیم ماڈرن ڈے کرکٹ کی تقاضے پورے کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جارح مزاجی کا مظاہرہ کرے گی کیونکہ اگر پلیئرز مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں جائیں تو نتائج ضرور ملتے ہیں۔

 مینز ٹیم کی پرفارمنس سے ہمیں بھی موٹیویشن ملتی ہے: ندا ڈار
 
 
اس موقع پر جنوبی افریقی ویمن ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان اچھی ٹیم ہے اور اس کے پاس کچھ ایسی کھلاڑی ہیں جو میچ کا پانسہ پلٹ سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاور پلے کا بہتر استعمال کرکے پاکستان کو دباؤ میں لینے کی کوشش کریں گی، سیریز میں اچھے میچز کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ لارا وولوارڈ کی قیادت میں جنوبی افریقی ویمن کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان میں کوئی سیریز کھیلے گی۔

مزیدخبریں