اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کیلئے مراعات کا بڑا پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں فیسوں کی معافی اور وظائف بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیکیج کی تیاری پر مشاورت کی گئی اور اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کی فیس معافی جبکہ انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ طلبا کیلئے وظائف کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں کے طلبا کا تعلیمی مستقبل بچانے کیلئے پیکیج کی تیاری کی ہدایات دی ہیں اور اس فیصلے پر عمل درآمد کے طریقہ کار کیلئے وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے مل کر کام شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب تعلیمی اداروں میں سیلاب متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، اس مہم کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں خوراک، خیمے، میڈیکل کیمپس اور عارضی سکول بھی قائم کئے جائیں گے۔
وزیراعظم کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلباءکو بڑا پیکیج دینے کا فیصلہ
01:05 PM, 1 Sep, 2022