سید علی گیلانی کی جدوجہد کشمیر کی آزادی کی تاریخ کا سنہری باب ہے: وزیر اعظم

12:46 PM, 1 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی ایک فرد نہیں بلکہ کشمیر بنے گا پاکستان تحریک کا نام ہے ۔

بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب تقریبات کا اہتمام ، خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں کا سید علی گیلانی کیلئے بابائے حریت کا خطاب اُن کی تاریخی جدوجہد کا اعتراف ہے اور مرد آہن سید علی گیلانی کی جدوجہد حریت اور کشمیر کی آزادی کی تاریخ کا سنہری باب ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کا جسدخاکی چھین لینے سے کشمیریوں کی آزادی کیلئے تڑپ چھینی نہیں جا سکتی ۔

واضح رہے کہ یکم ستمبر 2021 کو انتقال کرجانے والی سید علی گیلانی آخری وقت تک پاکستان کے ساتھ اپنا رشتہ وفا نبھاتے رہے ۔ سید علی گیلانی ضعیف العمری میں بھی مقبوضہ کشمیر میں نظریہ انضمام پاکستان کی زور دار آواز رہے ۔ سید علی گیلانی کی بے باکی اور جرأت بھارت کی آنکھوں میں خارکی طرح کھٹکتے رہے ۔

بھارتی سامراج نے اُن کو 10 برس مسلسل گھر میں نظر بند رکھا لیکن کڑا حصار بھی تحریک آزادی کی شمع جلانے والے کی زبان پر تالے نہ لگا سکا ۔ حریت رہنما کے پہاڑوں سے بلند حوصلے نے بھارت کو بھی پریشان کر دیا ۔

مزیدخبریں