موبائل سمز کی خریدو فروخت کیلئے نیا سسٹم متعارف 

Sim in Pakistan,Jazz,MobilLink,Warid,Zong

اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے غیر قانونی سمز کے خاتمے کیلئے نیا پائلٹ آپریشن شروع کر دیا جس میں اب سمز خریدنے اور فروخت کرنے والے دونوں افراد کے فیس اسکیننگ بھی کروائے جائینگے ۔

پی ٹی اے نے اب سمز کی خریدو فروخت کیلئے بائیو میٹرک کیساتھ ساتھ فیس سکیننگ بھی کروانے کا فیصلہ کر لیا ،پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ  غیر قانونی سمز کے کاروبار میں موبائل کمپنیوں کا سٹاف ملوث ہے، غیر قانونی سمز کے اجرا کیلئے سلیکون تھمب امپریشن استعمال کیا جاتا ہے، معصوم لوگوں کے ساتھ فراڈ کر کے غیر قانونی سمز کا اجرا کیا جاتا ہے،غیر قانونی سمز دہشتگردی اور دیگر کاموں کیلئے استعمال ہوتی ہیں۔

پی ٹی اے کی دستاویزات کے مطابق غیر قانونی سمز کے اجرا کیخلاف تین موبائل کمپنیوں کی فرنچائز کو ساڑھے 23 ملین کے جرمانے کیے گئے، تین سالوں میں 5 لاکھ 26 ہزار سے زائد غیرقانونی سمز بلاک کی گئیں، غیر قانونی سمز کے اجرا پر 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد شناختی کارڈز بلیک لسٹ کیے گئے، غیرقانونی سمز کے کاروبار میں ملوث 52 موبائل فرنچائز بند کی گئیں۔

پی ٹی اے حکام نے اب فیصلہ کیا ہے کہ غیر قانونی سمز کے اجرا کو روکنے کیلئے فیس سکیننگ کا پائلٹ آپریشن شروع کیا جا رہا ہے جہاں سم خریدنے اور فروخت کرنے والے دونوں افراد کی فیس سکیننگ لازمی ہوگی اس کے بعد ہی سم رجسٹرڈ ہو سکے گی ۔