نیشنل گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی، کے الیکٹرک کا سسٹم بیٹھ گیا، شہری بجلی سے محروم

05:19 PM, 1 Sep, 2021

کراچی: متعدد گرڈ اسٹیشن بند ہونے کے بعد کے الیکٹرک کا سسٹم بیٹھ گیا اور شہر کا ایک بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا۔ 

کراچی میں ایک بار پھر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن سامنے آیا ہے اور متعدد گرڈ اسٹیشن بند ہونے کے بعد شہر کا ایک بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے بعد جام شورو ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی اور کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے واحد ادارے کے الیکٹرک کا سسٹم بیٹھ گیا اور کے الیکٹرک کا بن قاسم پاور پلانٹس ٹرپ کر گیا۔ بریک ڈاؤن کے باعث کے الیکٹرک کے 1400 فیڈرز ٹرپ کرگئے، اور کراچی کے 85 فیصد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے نرسری، پی ای سی اچ ایس بلاک ٹو، محمود آباد، منظور کالونی، کیماڑی، مچھر کالونی، لیاری، کھارادر، بہادرآباد، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، عزیز آباد، فیڈرل بی ایریا، صدر، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، بوٹ بیسن، ڈیفنس کلفٹن، نمائش، لیاقت آباد ، ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد اور اسکیم 33 کی مختلف سوسائٹیوں میں بجلی غائب ہے، اور شدید گرمی کے باعث شہری پریشان ہیں۔

خیال رہے کہ آج کراچی میں شدید گرمی اور گرم ہواؤں کے تھپیڑوں نے عوام کو پہلے ہی پریشان کررکھا تھا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج درجہ حرات 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا تھا، تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں بارشوں کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں