کراچی : شہرقائد میں ویکسین کی کمی کی وجہ سے گداگروں کی ویکسنیشن کا عمل رک گیا ، 24 اگست سے گداگروں کی ویکسی نیشن موبائل وین کے ذریعے شروع کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے تعاون سے شروع گداگروں کی ویکسی نیشن کھٹائی میں پڑگئی، شہر میں گداگروں کی ویکسی نیشن کےلیے مختص سنگل ڈوز کینسائنو کی قلت ہوگئی۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ویکسین کے اعداد و شمار جاری کردئیے گئے ہیں ، اعداد و شمار میں کینسائنو ویکسین کی تعداد صفر بتائی گئی ہے ، کینسائنو کی قلت کے سبب گداگروں کی ویکسینیشن کا عمل روک دیا گیا ہے۔
24 اگست سے گداگروں کی ویکسی نیشن موبائل وین کے ذریعے شروع کی گئی ، ہفتےمیں کراچی کے 7 اضلاع میں صرف 211 گداگروں کو ویکسین لگائی گئی۔
کراچی میں ضلع شرقی میں سب سےزیادہ 99گداگروں کوروناویکسین لگائی گئی، اسی طرح ضلع جنوبی میں 36، ضلع ملیر میں 50، ضلع غربی میں 16گداگروں ، ضلع وسطی میں 10 ، ضلع کورنگی میں سب سے کم ایک گداگر کو ویکسین لگائی۔
یاد رہے گذشتہ ماہ حکمہ صحت کراچی نے گداگروں کی ویکسینیشن کا فیصلہ کیا گیا تھا، ڈائریکٹر صحت کراچی نے کہا ہے کہ 2017 کی مردم شماری کے مطابق ملک میں 25 ملین گداگر ہیں، اور ملک بھر سے 70 ہزار گداگر کراچی آتے ہیں، جو شہر میں فلائی اوورز اور پلوں کے نیچے رہتے ہیں۔
ڈائریکٹر صحت کراچی نے تمام ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں گداگروں کے حوالے سے حکمت عملی تیار کریں، اور کرونا موبائل ویکسینیشن کے ذریعے ان کی ویکسینیشن کی جائے۔