اسلام آباد:افغانستان سے آنے والے پاکستان میں مقیم امریکی فوجی اپنےوطن لوٹ گئے ۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے وقت پاکستان آنے والے تمام امریکی فوجی اپنے ملک چلے گئے ہیں ، اب پاکستان میں کوئی بھی امریکی فوجی موجود نہیں ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق 42رکنی امریکی فوجیوں کا دستہ آج پاکستان سے روانہ ہوا، جس کے بعد کابل سے پاکستان آنےوالے تمام امریکی فوجی روانہ ہوگئے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان میں اب کوئی بھی امریکی فوجی موجود نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل افغانستان سے انخلا کے بعد امریکی فوجی اسلام آباد پہنچے تھے، جہاں انہیں وزارتِ داخلہ نے خصوصی ویزے جاری کر کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا تھا۔
دوسری جانب اتحادی افواج کے طیاروں کی اسلام آباد ایئرپورٹ آمد سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق کابل سے اتحادی افواج کے طیاروں کے ذریعے انخلاء کا معاملے پر پاکستان کی معاونت سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سب سے بڑا آپریشن کیا گیا، جس کی وجہ سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اتحادی افواج کے طیاروں کا مر کز بنا رہا۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پر ملٹری اور خصوصی کمرشل طیاروں کی آمدو رفت جاری رہی ، کابل سے اسلام آباد کیلئے خصوصی فلائٹ آپریشن سے سی اے اے کے زر مبادلہ میں بھی اضافہ کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتحادی افواج اور دیگر ایئرلائنوں کی 450 پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف ہوئی، ترکش فضائیہ ،ڈینش ائیرفورس،اٹالین ائیرفورس، یوکرائن کے ملٹری طیارے ،اقوام متحدہ، بلجیئم سمیت اتحادی افواج کے دیگر طیاروں نے بھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔
رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے 7 طیاروں نے بھی کابل آپریشن میں حصہ لیا، خصوصی آپریشن کے ذریعے 26 ہزار سے زائد غیر ملکیوں کو اسلام آباد پہنچایا گیا، جس کے بعد وہ خصوصی پروازوں کے ذریعے سے مختلف ممالک روانہ ہوئے۔
پی آئی اے نے 14سو 60 افغانی اور ہم وطنوں کو پاکستان پہنچایا، اسلام آبادایئرپورٹ سے اتحادی افواج اور خصوصی غیر ملکی ایئرلائنوں کے طیارے مختلف ممالک کیلئے روانہ ہوئے۔
ایئرپورٹ حکام کی جانب سے جاری 31 اگست تک کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی فلائٹ آپریشن 16 اگست سے شروع ہوا، افغانستان افغانستان سے انخلاء کا آپریشن اسلام آباد ایئرپورٹ پر جاری رہا، جس کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خصوصی اقدامات کئے۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے طیاروں کی پارکنگ کے لئے علیحدہ سے بورڈنگ برج مختص تھے، کابل سے آنے والے تمام مسافروں کے کرونا ریپڈ ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے سب کی رپورٹس منفی آئیں۔