امریکی افواج کی کابل ائرپورٹ سے روانگی میں طالبان نے مکمل تعاون کیا ، سی این این

12:47 PM, 1 Sep, 2021

کابل: امریکی ٹی وی سی این این کا کہنا ہے کہ امریکی افواج کا انخلاء طالبان کی مدد اور نگرانی میں ہوا ۔ 

افغانستان میں 20 سالہ طویل جنگ کا اختتام ہو گیاامریکی ٹی وی  سی این این نے انکشاف کیا ہے کہ امریکیوں کے کابل ایئرپورٹ سے نکلنے میں طالبان نے مکمل مدد فراہم کی ۔

سی این این کے مطابق امریکی باشندوں کا بحفاظت انخلا طالبان کی مدد اور ان کی نگرانی میں ہوا ہے، امریکی فوج نے طالبان سے کابل ائرپورٹ سے اںخلاء کے لئے خفیہ مذاکرات بھی کئے۔ 

رپورٹ کے مطابق طالبان امریکی باشندوں کو گروپس کی شکل میں ایئرپورٹ کے خفیہ دروازوں پر چھوڑ گئے، جہاں سے انہیں طیاروں کے ذریعے امریکا واپس لایا گیا۔

امریکی اسپیشل فورسز نے کابل ایئر پورٹ پر ایک خفیہ دروازہ اور کال سینٹرز قائم کیے تھے، جس کے ذریعے امریکیوں کو انخلا کا طریقہ کار سمجھایا گیا، کال سینٹرز کے ذریعے امریکیوں کو ایئرپورٹ کے نزدیک ایک خفیہ مقام پر جمع ہونے کا کہا گیا جس کے بعد طالبان نے ان امریکیوں کی شناختی دستاویزات چیک کرکے انہیں اس خفیہ دروازے تک پہنچایا۔

سی این این کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دروازہ خصوصی طور پر امریکیوں کے ایئر پورٹ کے اندر جانے کے لیے بنایا گیا تھا۔ طالبان کی مدد سے ہونے والے باحفاظت انخلا کے ایک دن میں کئی مشن سرانجام دیے گئے تھے۔

گزشتہ روز امریکا نے افغانستان سے نکلنے کی ڈیڈ لائن سے ایک دن پہلے ہی انخلا مکمل کرلیا اورحامد کرزئی ایئر پورٹ سے آخری 3 امریکی جہاز روانہ ہو گئے۔ امریکی فوج کے نکلتے ہی طالبان نے جشن منایا اور کابل میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔

مزیدخبریں