اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعلیم کیلئے بچیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے کیونکہ پڑھی لکھی خاتون معاشرے کیلئے زیادہ فائدہ مند ہے ۔
احساس پروگرام کے تحت اسکول میں وظائف کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے لوگ ہوتے ہیں ، ہمارے ملک میں 2 کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے بچوں کی تعلیم پر توجہ نہیں دی ۔ اس پروگرام کے ذریعے کوشش کریں گے بچوں کو اسکولوں میں لائیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اسکول وظائف سے کوشش کر رہے ہیں بچوں کو تعلیم دی جائے ۔ ایسا نہیں ہم اپنی بچیوں کو پڑھانا نہیں چاہتے ، بچیوں کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے ۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار مستحق طلبا کو وظائف دیئے جا رہے ہیں ۔ 4 سے 22 سال تک عمر کے بچے وظیفے کے مستحق ہوں گے ۔ پروگرام میں بچیوں کیلئے خصوصی طور پر وظیفے کی رقم زیادہ رکھی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ناخواندگی غربت میں اضافے کا سبب بنتی ہے ۔ پاکستان میں تقریباً 2 کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے ۔ موجودہ دور میں بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینا انتہائی ناگزیر ہے ۔ وظائف ان والدین کو دیئے جائیں گے جو بچوں کی حاضری 70 فیصد یقینی بنائیں گے ۔