اسلام آباد: جاپان کے سفیر نے کہا ہے کہ ان کا ملک قرضوں کی ادائیگی میں سہولت دینے کے لئے پاکستان کی مدد بھی کرے گا۔جاپان نے پاکستان سے آم، مچھلی اور کپڑے کی مصنوعات کی درآمد میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ جاپانی سفیر کونینوری متسودا نے اس دلچسپی کا اظہار مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات میں کیا۔
جاپانی سفیر کونینوری متسودا نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو توسیع دینا چاہتا ہے۔ بندرگاہوں پر انتظامات کئے جا رہے ہیں تاکہ زرعی مصنوعات کی برآمد میں سہولت مل سکے۔
کونینوری متسودا کا کہنا تھا کہ ان کا ملک قرضوں کی ادائیگی میں سہولت دینے کے لئے پاکستان کی مدد بھی کرے گا اور اس اقدام پر ابتدائی کام کے بعد پاکستان کےساتھ باضابطہ طورپر مفاہمت کی یادداشت پردستخط ہوں گے۔
مشیر خزانہ نے جاپانی سفیر کو گزشتہ ایک سال کے دوران معیشت کی صورتحال اور کوروناوائرس کی عالمی وبا کے اثرات کم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے کی جانےوالی کوششوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ پاکستان کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد میں کمی کے پیش نظر دوبارہ استحکام اور توازن حاصل کر لے گا۔