نواز شریف جیسے شخص کی سزا دگنی ہونی چاہیے، شبلی فراز

06:54 PM, 1 Sep, 2020

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اب تو عدالت نے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی کا حکم دیدیا ہے، ایسے شخص کی سزا دگنی ہونی چاہیے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف تین بار وزیراعظم منتخب ہوئے، انھیں قانون کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) میں تقسیم کی وجہ سے نواز شریف نے اپنی حالیہ تصویر لندن سے بھیجی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ تین مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم کو اپنے آپ کو قانون سے اوپر نہیں سمجھنا چاہیے۔ میں تو سمجھتا ہوں کہ نواز شریف جیسے شخص کی سزا دگنی ہونی چاہیے۔ کوریا، فرانس اور برازیل جیسے ممالک کے صدور کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔

کراچی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی مدد کے بغیر مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومت کی مشاورت سے منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے بڑا پلان لا رہے ہیں۔ وزیراعظم سندھ حکومت کو آن بورڈ لیتے ہوئے پراجیکٹس کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایک حکمت عملی تیار کی گئی ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان جمعہ کو کراچی کا دورہ کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن اس کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ پیپلز پارٹی حکومت مسائل کو سنجیدگی سے حل نہیں کر رہی یا اہل نہیں ہے۔ کراچی کے عوام مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں، وفاق ان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

مزیدخبریں