اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو گزشتہ چند برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اگست 2024 میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد آئی، ستمبر 2024 میں گزشتہ 44 ماہ میں مہنگائی کی کم ترین شرح، 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کئے گئے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی، مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلف ملے گا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، مہنگائی کی شرح کو 2025 تک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024 میں ہی حصول قابل ستائش ہے، پہلے دن سے عوامی ریلیف کیلئے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا، پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں، ملکی معیشت مستحکم، سفارتی تعلقات مضبوط اور عام آدمی کی خوشحالی کا سفر شروع ہوچکا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اجراء سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا، پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا۔