کانپور:بھارت نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر سیریز دو صفر سے جیت لی۔ میچ کے آخری روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 146 رن پر ڈھیر ہو گئی ، بھارت نے 95 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
پہلی اننگ میں بنگلہ دیش نے 233 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بھارت نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کی تھی ، یوں بنگلہ دیش نے میزبان ٹیم کو 95 رنز کا ہدف دیا تھا۔
میچ کے 2 روز بارش کی نذر بھی ہوئے تھے ، اس میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے تیز بیٹنگ کا منفرد اعزاز بھی حاصل کر لیا۔
بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 312 گیندیں کھیل کر 383 رنز بنائے، بھارتی ٹیم کی کانپور ٹیسٹ میں رنز بنانے کی اوسط 7.36 فی اوور رہی۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کسی ٹیم نے 7 رنز سے زائد کی اوسط سے رنز بنائے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے 2005ء میں زمبابوے کے خلاف 6.80 کی اوسط سے رنز بنائے تھے۔