اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے اعتراف کیا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس سے غائب ہونے والا پاکستانی سفیر کے سائفر کی کاپی میرے پاس تھی کہیں غائب ہوگئی۔ایک کاپی صدر مملکت اور ایک کاپی آرمی چیف کے پاس بھی تھی۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی سفیر کا سائفر جو ایوان وزیر اعظم سے غائب ہے مجھے نہیں پتا اب کہاں ہے لیکن یہ میرے پاس تھا۔ سپیکر کو بھی اس کی کاپی بھیجی گئی تھی ۔ چیف جسٹس کے پاس بھی کاپی ہے۔ اپنے ساتھیوں کو بتا دیا ہے کہ یہ مجھے کسی بھی وقت گرفتار کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول اور مریم نواز نے کوئی سیاسی جدوجہد نہیں کی۔ ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی جدوجہد تھی جبکہ نواز شریف کی کوئی سیاسی جدوجہد نہیں تھی۔
آڈیو لیکس کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت سنگین مسئلہ ہے۔ میری اور اعظم خان کی لیک ہونے والی آڈیو فون کال کی ہے جو ریکارڈ ہوئی اور اس کے بعد ہیک کرلی گئی ۔ پتا نہیں ایوان وزیر اعظم سے کیا کیا گفتگو ریکارڈ اور لیک ہوئی جو یقیناً ہمارے دشمنوں کے پاس بھی پہنچ چکی ہوگی۔