اسلام آباد: اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان پیش نہ ہوئے تو انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد پولیس کی طرف سے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونا ایک قانونی عمل ہے۔عمران خان پچھلی پیشی پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ان کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ معزز عدالت عالیہ نے مقدمہ نمبر 407/22 سے دہشت گردی کی دفعہ خارج کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔اس حکم کے بعد یہ مقدمہ سیشن کورٹ میں منتقل کیا گیاتھا۔ عمران خان نے سیشن کورٹ سے ابھی تک اپنی ضمانت نہیں کروائی۔پیش نہ ہونے کی صورت میں انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ عوام سے گذارش ہے کہ افواہوں پر کان مت دھریں۔