ڈائریکٹر جنرل پیمرا ملازمت سے برطرف ، 25 لاکھ روپے جرمانے  کا  حکم

 ڈائریکٹر جنرل پیمرا ملازمت سے برطرف ، 25 لاکھ روپے جرمانے  کا  حکم

اسلام آباد:  صدرمملکت عارف علوی نے جنسی ہراسیت   کیس میں ڈائریکٹر جنرل پیمرا کو ملازمت سے برطرف کرنے اور 25 لاکھ روپے جرمانے  کا  حکم دے دیا۔


 تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی نے خاتون کو دی جانے والی رقم ملزم کی تنخواہ کے بقایا جات ، پنشن کی رقم یا جائیداد سے وصول کرنے کا حکم  دیا ہے ۔صدر عارف علوی نے  کہا کہ جب ایسے کیسز سامنے آتے ہیں توقانون کی پوری طاقت کا استعمال کرتا ہوں۔ جنسی ہراسیت کی وجہ سے خواتین کی اقتصادی صلاحیتوں متاثر ہوتی ہیں ان کو بروئے کار لانے کیلئے اقدامات  کرنے کی ضرورت ہے ۔

صدر عارف علوی نے کہا  ملزم مقدمے کی کارروائی کے دوران بھی خاتون  کو ہراساں کرنے کیلئے  درخواستیں دائر  کرتا رہا ہے۔ملزم نے خاتون ملازم کو شدید ذہنی اذیت دی اور اس کی ساکھ کو داؤ پر لگایا۔ملزم کا فعل واضح مثال ہے کہ کن طریقوں سے خواتین کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔

عارف علوی کا کہنا ہے کہ خواتین ہراسیت کی وجہ سے آزادانہ کام نہیں کر پاتیں۔ خواتین کیلئے عوامی جگہیں کم کر دی گئی ہیں۔خواتین کو  تعلیم کے حصول سے محروم رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا  ہمارے معاشرے میں خواتین زیادہ تر کم تعلیم یافتہ ہیں۔خواتین بے روزگاراوروراثت کے حق سے محروم ہیں۔

صدرمملکت  نے کہا کہ  اسلام نے خواتین کو بہت زیادہ عزت دی ہے۔اسلام خواتین کو محفوظ ،باوقار اور باعزت مقامِ   کی فراہمی یقینی بنانے کی تلقین کرتا ہے۔حضوراکرمﷺ کی زوجہ حضرت بی بی خدیجہ سلام اللہ علیہا ایک کاروباری خاتون تھیں۔ وقت آگیا ہے آئین کے مطابق زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت کی راہ ہموار کی جائے۔