ایبٹ آباد: خیبرپختونخواہ کے سیاحتی مقام پر نصب چیئر لفٹ کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اسے سیاحوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
جی ڈی اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایوبیہ چیئر لفٹ کو سیاحوں کیلئے خطرناک قراردے دیا گیا جس کے باعث سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل رضا علی کا کہنا تھا کہ ایوبیہ چیئر لفٹ اب انسانی زندگی کیلئے محفوظ نہیں رہی، اس کی مرمت مکمل ہونے کے بعد دوبارہ چلایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سیاحتی مقام ایوبیہ پر سیاحوں کی سہولت اور تفریح کے لیے 1965 میں چیئرلفٹ نصب کی گئی تھی، جس پر یومیہ سیکڑوں سیاح بیٹھتے تھے۔
ڈائریکٹر جنرل گلیات کے مطابق ایوبیہ میں غیرملکی کمپنی گزشتہ پانچ دہائیوں سے چیئرلفٹ آپریٹ کررہی تھی، مستقبل میں یا تو نئی چیئرلفٹ نصب کی جائے گی یا پر پرانی کی اچھے طریقے سے مرمت کر کے اسے بحال کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل میں یہاں حکومت کی زیرنگرانی سیاحوں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔