چیئرمین نیب تقرری،وزرا کا وزیر اعظم کو اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کا مشورہ

11:26 PM, 1 Oct, 2021

اسلام آباد : چئیرمین نیب کی تقرری کے معاملہ پر حکومت متحرک  ہوگئی ہے۔ وفاقی حکومت نے آئندہ دو ہفتے میں چئیرمین نیب کی تقرری کا عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم  چئیرمین نیب کی تقرری پر منگل یا بدھ کو دو بارہ اجلاس بلائیں گے۔  ذرائع کے مطابق حکومت  نے چئیرمین نیب کی تقرری کے لئے تمام آئینی اور قانونی آپشنز کھلے رکھنے کا فیصلہ  کیا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق یہ اہم فیصلہ  وزیر اعظم کی زیر صدارت چئیرمین نیب کی تقرری سے متعلق مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔  اجلاس میں     وزیر قانون فروغ نسیم سمیت وفاقی وزرا  شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شفقت محمود، فواد چوہدری  ،  بیرسٹرعلی ظفر اور اٹارنی جنرل پاکستان  نے  بھی شرکت کی۔

 وزیر قانون فروغ نسیم نے آئینی اور قانونی آپشنز وزیر اعظم اور وزراء کے سامنے رکھ دئیے ۔   چئیرمین نیب کے معاملے پر اپوزیشن سے مشاورت کرنی ہے یا نہیں،فیصلہ آئندہ ہفتے ہوگا ۔نئے چئیر مین نیب کی تقرری یا موجودہ کو برقرار رکھنے کے لئے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت سمیت آئینی طریقوں پر بریفنگ  لی گئی ۔

مشاورتی اجلاس میں تمام وفاقی وزراء نے کھل  کر بحث کی ۔ وزیر اعظم نے سب کی رائے لی ۔ اجلاس میں بعض وزراء کا اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کرنے کا مشورہ  ۔جبکہ دیگر وزراء نے مشاورت کے بجائے دوسرے آئینی راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیدیا۔

  وزیر اعظم نے چئیرمین نیب کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے لئے نہ ہاں کی اور  نہ انکار کیا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ چئیرمین نیب کی تقرری کے لئے تمام آئینی اور قانونی راستے کھے رکھے جائیں گے۔

مزیدخبریں