لاہور: انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر میں عالمی وبا سے بچاؤ کے ٹیکے نہ لگوانے والے شہریوں پر پابندیاں سخت کر دی گئی ہیں، اس کا اطلاق آج سے ہوگا۔
خیال رہے کہ این سی او سی نے شہریوں کو اپنی ویکسی نیشن کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ یکم اکتوبر سے صرف ان افراد کو ہی کاروبار سے متعلق نقل وحمل کی اجازت دی جائے گی جو اپنی دونوں ڈوز لگوا چکے ہونگے۔ اس کے علاوہ شاپنگ مالز میں بھی صرف ویکسینیٹڈ افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
پروازوں کے ذریعے بیرون یا اندرون ملک وہ افراد ہی سفر کر سکیں گے جنہوں نے حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروایا ہوگا۔ لیکن انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اور ٹرینوں پر سفر کرنے والوں کو کورونا ویکسی نیشن کیلئے 15 اکتوبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد صرف ویکسینیٹڈ افراد ہی موٹرویز اور شاہراہوں پر سفر کر سکیں گے۔
وزارت صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ہم کسی کو یہ اجازت ہرگز نہیں دے سکتے کہ وہ دوسروں کی صحت کیساتھ کھیلیں۔ ملک میں ویکیسن کی بہت بڑی مقدار موجود ہے، ایسے تمام افراد جنہوں نے ویکسی نیشن نہیں کرائی وہ حفاظتی ٹیکے لگوا کر اپنی اور دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔
ادھر وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے واضح کیا ہے کہ ملک میں اٹھارہ سال سے زائد عمر کے صرف ان افراد کو فضائی سفر کی اجازت دی جائے گی جو مکمل ویکسینیٹڈ ہونگے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر سے 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے مکمل طور پر ویکسین والے مسافروں کو ہی اندرون ملک ہوائی سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔