سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، ایف بی آر کو ہدایات جاری

Instructions issued to FBR to bring social media platforms in tax net
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے جلد اقدامات اٹھائے جائیں۔

ایف بی آر حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے وفاقی کابینہ سے ہدایات مل چکی ہیں۔ اس حوالے سے جلد اقدمات اٹھائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ حکومت کو ماننا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جن میں یوٹیوب، ٹویٹر، فیس بک سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے پاکستانیوں کو مالی فائدہ ہو رہا ہے، اگر انھیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے تو اس سے بڑا ریونیو اکھٹا ہو سکتا ہے۔

تاہم اس میں سب سے بڑی رکاوٹ یہ ہے کہ پاکستان میں اس وقت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا کوئی دفتر موجود نہیں ہے۔ حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایات دی ہیں کہ ناصرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو قوانین کے تابع لایا جائے جبکہ ان سے آمدن کمانے والے پاکستانیوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ای کامرس انڈسٹری کو بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ای کامراس سے جڑے افراد کو ٹیکس آرڈیننس کے ذریعے اس نیٹ میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ انکم آرڈیننس اور فنانس ایکٹ میں ترامیم کے تحت آف شور ڈیجیٹل خدمات پر ٹیکس لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آن لائن کے ذریعے اشیا فروخت کرنیوالوں کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نظام کیساتھ منسلک ہونے اور ود ہولڈنگ ٹیکس جمع کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔