پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی پر پوری اتری ہے۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی پر پوری اتری ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔
وزیراعلیٰ محمود خان کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت اور سماجی شعبے کی ترقی بہت اہم ہے۔ سی پیک کے تحت رشکئی اکنامک زون کا افتتاح ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سہولتیں دے رہی ہے۔ ہماری توجہ بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی پر مرکوز ہے۔ روزگار کے مواقع کی فراہمی، سماجی اور معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوات موٹروے کے دوسرے مرحلے کی منظوری ہو چکی ہے، اس پر جلد کام شروع ہوگا۔
عوامی جمہوریہ چین کا قومی دن، وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دوست ملک کی قوم اور قیادت کو مبارکباد
دوسری جانب اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر چین کی حکومت، قیادت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پنجاب حکومت قومی دن پر چینی قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتی ہے۔ چین پاکستان کاسب سے زیادہ بااعتماد دوست ملک ہے۔ پاک چین دوستی پوری دنیا میں اپنی مثالی آپ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ کھڑا رہا ہے۔ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈ شپ میں غربت، بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف کامیاب جدوجہد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی تیز رفتار ترقی سب کیلئے رول ماڈل ہے۔ پاکستان اور چین عالمی امور، امن پسندی اور باہمی احترام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہو ئے ہیں۔ سی پیک کے منصوبوں کے ذریعے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔