بابری مسجد کیس فیصلہ:بالی ووڈ اداکاروں نے بھی ردعمل دے دیا

بابری مسجد کیس فیصلہ:بالی ووڈ اداکاروں نے بھی ردعمل دے دیا

ممبئی:بابری مسجد انہدام کیس کا متنازعہ فیصلہ آنے کے بعد جہاں پوری دنیا کے مسلمان سیخ پا ہیں وہی بھارتیوں کی جانب سے بھی شدید ردعمل آرہا ہے۔

لکھنئو کی عدالت کی جانب سے گزشتہ روز تاریخی بابری مسجد کے انہدام کیس کا فیصلہ سنایا گیا جس میں تمام 32ملزمان کو بری کردیا گیا تھا جس کے بعد پاکستان کی جانب سے اب اس کی شدید مذمت کی گئی تھی۔

فیصلہ آنے کے بعد بالی ووڈ اداکارہ سورا بھاسکر، ریچا چڈھا ،انوبھو سنہاسمیت بالی ووڈ کے کئی ستاروں نے اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔

اداکارہ سورا بھاسکر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا،  ’بابری مسجد خود ہی منہدم ہوگئی تھی‘۔

اداکارہ ریچا چڈھا نے ٹوئٹ کرکے کہا، ’اس جگہ سے اوپر بھی ایک عدالت ہے، جہاں دیر ہے اندھیر نہیں‘۔

فلم ڈائریکٹر انوبھو سنہا نے ٹوئٹ کرکے لال کرشن ایڈوانی کو مبارکباد پیش کی۔ انوبھو سنہا نے ٹوئٹ کیا ’لال کرشن ایڈوانی کو مبارکباد۔ اب آپ اس ملک کی آتما پر اکیلے ایک لمبی خونی لکیر کھینچنے کے الزامات سے بری ہوگئے ہیں۔ بھگوان آپ کو بہت لمبی عمر دے‘۔


 واضح رہے کہ اس معاملے میں لال کرشن ایڈوانی، مرلی منوہرجوشی، کلیان سنگھ، اوما بھارتی، ونے کٹیار، سادھوی رتنبھرا، مہنگ نرتیہ گوپال داس، ڈاکٹر رام ولاس ویدانتی، چنپت رائے، مہنت دھرم داس، ستیش پردھان، پون کمار پانڈے، للو سنگھ، پرکاش شرما، وجے بہادر سنگھ، سنتوش دوبے، گاندھی یادو، رام جی گپتا، برج بھوشن شرن سنگھ، کملیش ترپاٹھی، رام چندر کھتری، جے بھگوان گوئل، اوم پرکاش پانڈے، امرناتھ گوئل، جے بھگوان سنگھ پویا، ساکشی مہاراج، ونے کمار رائے، نوین بھائی شکلا، آر این شری واستو، آچاریہ دھرمیندر دیو، سدھیر کمار ککڑ اور دھرمیندر سنگھ گرجر ملزم تھے جن کو عدالت نے بری کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔