لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر چین کی حکومت، قیادت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پنجاب حکومت قومی دن پر چینی قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتی ہے۔ چین پاکستان کاسب سے زیادہ بااعتماد دوست ملک ہے۔ پاک چین دوستی پوری دنیا میں اپنی مثالی آپ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ کھڑا رہا ہے۔ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈ شپ میں غربت، بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف کامیاب جدوجہد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی تیز رفتار ترقی سب کیلئے رول ماڈل ہے۔ پاکستان اور چین عالمی امور، امن پسندی اور باہمی احترام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہو ئے ہیں۔ سی پیک کے منصوبوں کے ذریعے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
خیال رہے کہ آج سے 71 سال پہلے عوامی جمہوریہ چین نے آزادی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد وہ مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کرتا رہا۔
آج چین کا شمار دنیا کی بڑی طاقتوں میں ہوتا ہے۔ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے عوامی جمہوری چین کو سب سے پہلے تسلیم کیا تھا۔
تب سے آج تک چین اور پاکستان کے درمیان انتہائی دوستانہ تعلقات ہیں۔ پاک چین دوستی کو قوموں کی برداری میں ایک مثال کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور بجا طور پر کہا جاتا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔