لیہ/لاہور: لیہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 150 ٹی ڈی اے میں مطلقہ خاتون پر سابق شوہر نے تیزاب پھینک دیا گیا، لاہور میں ڈکیتی کی واردات، نوجوان نے خود کشی کرلی۔
پولیس کے مطابق شمیم مائی نے 2 سال قبل غلام اکبر سے طلاق لی تھی جس کا ملزم کو رنج تھا۔ ملزم خاتون پر تیزاب پھینکنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ادھر لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں تین ڈاکو دن دہاڑے فارمیسی سے 40 ہزار نقدی اور دو موبائل لے کر باآسانی فرار ہو گئے۔
پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔ شلوار قمیض میں ملبوس تین ڈاکو واردات کرنے آئے۔ دو ڈاکوؤں نے ہیلمٹ پہنے ہوئے جبکہ ایک کا چہرہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ فارمیسی میں لوٹ مار کے بعد ڈاکو باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر کار سوار نوجوان نے خود کشی کرلی ہے۔ 28 سالہ آصف نے ڈیپارٹمنٹل سٹور کے باہر گاڑی میں خود کو گولی مار کر خود کشی کی۔ پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرتے ہوئے متوفی کے اہل خانہ کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق ابھی تک خود کشی کرنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئیں گے۔