ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے مابین  30 کروڑ ڈالر کے معاہدے پر دستخط

08:53 AM, 1 Oct, 2020

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے مابین معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد، معاہدہ کے تحت اے ڈی بی کیپیٹل مارکیٹوں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے پاکستان کو 30 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا

ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے مابین معاہدے پر دستخط کی تقریب بدھ کو یہاں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر خسرو بختیار نے شرکت کی۔ وزارت اقتصادی امور میں منعقدہ تقریب میں کئے گئے معاہدہ کے تحت اے ڈی بی کیپیٹل مارکیٹوں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے پاکستان کو 30 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ معاہدے کی دستاویزات پر سیکرٹری اقتصادی امور اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر نے دستخط کئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک کیپیٹل مارکیٹوں کے ترقیاتی پروگرام پر بھی سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹوں میں سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع میسر ہوں گے۔ خسرو بختیار نے مزید کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے ڈی بی کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔

مزیدخبریں