اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریش نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے لیے یکجہتی کو اہم ہتھیار قرار دے دیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کیسز میں اضافہ ہونے پر گزشتہ روز دنیا کے ممالک کے لیے جاری اپنے ایک وڈیو پیغام میں کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جو بہت بڑی تعداد ہے اور ان حالات میں خوشی اور تعزیتی تقریبات کا انعقاد ناممکن ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کی کوئی حد مقرر نہیں ہے کیونکہ اس سے دنیا بھر میں ملازمتیں ختم ہو گئی ہیں، معیشت کو نقصان پہنچا ہے، تعلیم کی سہولیات، معمولات زندگی اور لوگوں کی زندگیاں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کے پھیلائو پر قابو پا سکتے ہیں لیکن اس سے پہلے ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہو گا اور اپنی خامیوں کو دور کرنا ہو گا لہذا اس سلسلے میں بہترین اور ذمہ دار قیادت، سائنس، تعاون اور یکجہتی اہمیت کی حامل ہیں نیز ہمیں غلط اور گمراہ کن معلومات کی وبا کو بھی روکنا ہو گا
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور انسانی زندگیاں بچانے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور سماجی فاصلے کے قوانین پر عملدرآمد کرنا ہو گا، ماسک پہننا اور بار بار ہاتھ دھونے کی احتیاطی تدابیر کو اپنانا ہو گا اس کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے، انسانی زندگیوں کو بچانے اور ہمارے مستقبل کا دارومدار باہمی یکجہتی پر ہے۔