اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کو جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ٹیلی فون کر کے جرمنی کے دورے کی دعوت دے دی، عمران خان نے دورے کی دعوت قبول کر لی۔
تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے وزیرِ اعظم عمران خان کو فون کر کے انتخابات میں کام یابی پر مبارک باد دی، جرمن چانسلر کی طرف سے جرمنی کے دورے کی دعوت پر وزیرِ اعظم نے دعوت قبول کر لی۔
فون پر جرمن چانسلر اور وزیرِ اعظم پاکستان نے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مابین باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر بھی گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا، رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعاون کو بڑھایا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے جرمن چانسلر سے خطے کی مجموعی صورتِ حال پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان بھارت اور افغانستان سے متعلق معاملات بھی زیرِ گفتگو آئے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے گفتگو میں پڑوسی ملک کے ساتھ جامع مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا، کہا کہ متنازع مسائل کے حل کے لیے بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات ضروری ہیں۔
دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان نے مالدیپ کے نو منتخب صدر ابراہیم محمد کو ٹیلی فون کر کے انتخابات میں ان کی کام یابی پر مبارک باد دی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی جنگ ایک بار پھر عروج پر ہے، اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاک بھارت وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کے خلاف تقاریر کیں، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کا ہاتھ ہونے کا بڑا ثبوت کلبھوشن یادیو ہے۔