منظم انداز سےسوشل میڈیا پرجعلی نوٹیفکیشنز اور خبریں پھیلائی جارہی ہیں، فواد چوہدری

07:26 PM, 1 Oct, 2018

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر منظم انداز سے جعلی خبریں اور نوٹیفکیشن پھیلانے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل  میڈیا  کی آزادی کو متاثر کیے بغیر ہمیں جعلی خبروں کے خلاف سخت اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری کا ٹویٹ بھی ٹیگ کیا جس میں ملیکہ بخاری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی تقرری کی تردید کی ہے۔اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ منظم انداز سےسوشل میڈیا پرجعلی نوٹیفکیشنز اور خبریں پھیلائی جارہیں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ سلسلہ میڈیا ڈنر کی تصویر سے شروع ہوا اور اب اس طرح کی فضولیات جاری ہیں۔ دریں اثنا ملیکہ بخاری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ دو ٹوک طورپر یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتی ہیں کہ انہیں بی آئی ایس پی کی سربراہ تعینات نہیں کیاگیا ۔

انہوں نے کہاکہ وہ زلفی بخاری کی رشتہ دار بھی نہیں ہیں۔ ملیکہ بخاری نے امید ظاہر کی کہ اب اس ضمن میں بحث ختم ہوجائے گی۔

مزیدخبریں