احمد شہزاد کا نام پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ لسٹ سے خارج

احمد شہزاد کا نام پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ لسٹ سے خارج
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) نے فرنچائزوں کے ساتھ وابستہ کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کا اعلان 29 ستمبر کو پی سی بی کی جانب سے کر دیا گیا جس میں قومی اوپنر احمد شہزاد کا نام ڈراپ کر دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کا نام پی ایس ایل 4 کیلئے دستیاب ڈرافٹنگ کے پاکستانی کرکٹرز کی فہرست سے نکال دیا گیا۔ پی سی بی کی طرف سے یہ وضاحت کر دی گئی ہے کہ معطلی کی وجہ سے احمد شہزادکا نام فی الحال فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ قبل ازیں ذرائع سے سامنے آنے والی فہرست میں اوپنر کا نام شامل تھا۔ ڈوپنگ کیس میں ملوث ہونے کی وجہ سے معطل کرکٹر کسی بھی سطح پر کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے۔ ان کے کیس کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز احمد شہزاد پر مثبت ڈوپ ٹیسٹ کیس میں چھ ماہ کی پابندی لگنے کا امکان ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ احمد شہزاد پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے معطل ہیں۔ جس کی وجہ رواں سال مئی میں فیصل آباد میں منعقدہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں ان کا مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنا بنی تھی۔