اسلام آباد:بنی گالہ میں تجاوزات سے متعلق کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سروے آف پاکستان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے بنی گالہ میں تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سروے آف پاکستان کی رپورٹ پیش کردی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سی ڈی اے اوروفاقی محتسب سروے کی رپورٹس ایک جیسی ہیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ تجاوزات کوکیسے ختم کیاجائے؟ تجاوزات کے علاوہ سیکیورٹی اورآلودگی جیسے مسائل بھی ہیں،اب نئی حکومت آگئی ہے،وہ معاملات کوحل کرے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جنہوں نے غیرقانونی تعمیرات کیں ان سے جرمانے لیے جائیں ،حکومت اپنے جرمانے بھی اداکرے،دوسرے لوگوں سے بھی لے،تجاوزات کی حدتک اس معاملے کونمٹادیتے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے بابراعوان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ریگولرائزکرنے کیلئے سب سے پہلے عمران خان کوفیس اداکرنا ہوگی، بتائیں ریگولرائزکرنے کیلئے کیاکررہے ہیں؟عمران خان کوپراپرٹی ریگولرائزکراناپڑے گی،بابر اعوان نے کہا کہ یہ معاملہ کابینہ کے پاس ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی تجاویزپریہ عمل شروع کیاگیا۔