اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جب وہ عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل گئے تو ان سے درخواست کی گئی کہ وہ سیاست پر بات نہ کریں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے بتایا کہ "کل ہم عمران خان سے ملنے اڈیالہ جیل گئے، مگر ہمیں توہین کا سامنا کرنا پڑا۔" انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں کہا گیا کہ ہم سیاسی موضوعات پر بات نہیں کریں گے، جس پر ہم نے سوال کیا کہ کیا ہم عمران خان سے موسم کے بارے میں بات کریں؟ یہ تو ہماری نہیں بلکہ پورے پارلیمنٹ کی توہین ہے۔"
سابق اسپیکر نے مریم نواز کے بھارتی پنجاب سے بات کرنے کے حوالے سے بیان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ "جس طرح مریم نواز نے بات کی، اسی طرح علی امین گنڈا پور نے بھی گفتگو کی۔ اگر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے افغانستان سے بات چیت کی بات کی تو اس پر شور مچایا گیا۔ معیار سب کے لیے ایک ہونا چاہیے۔"
یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کا وفد عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل گیا تھا، مگر انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔