سان فرانسسکو: میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے واٹس ایپ میں "کاسٹیوم لسٹس" کے فیچر کا اعلان کیا ہے جو صارفین کے لیے چیٹنگ کو مزید آسان اور منظم بنائے گا۔
اس فیچر کے تحت واٹس ایپ صارفین اپنی مرضی کی چیٹ لسٹس بنا سکیں گے، جس میں گھر والوں، دوستوں، دفتری ساتھیوں اور دیگر اہم افراد کو الگ الگ فلٹرز میں شامل کیا جا سکے گا۔ اس سے صارفین کو مخصوص افراد یا گروپس تک فوری رسائی میں آسانی ہوگی۔
فی الوقت واٹس ایپ میں "آل"، "ان ریڈ" (Unread)، "فیورٹس" اور "گروپس" کے چار چیٹ فلٹرز موجود ہیں، مگر نئے کاسٹیوم لسٹس فیچر کی مدد سے صارفین اپنی مرضی کی مخصوص لسٹس بنا سکیں گے، جو ان کی چیٹ اسکرین کے اوپر نئے فلٹر کے طور پر نظر آئیں گی۔
میٹا کے ایک بلاگ پوسٹ کے مطابق، کاسٹیوم لسٹس کا مقصد صارفین کو ان چیٹس پر توجہ مرکوز رکھنے میں مدد دینا ہے جو ان کے لیے زیادہ اہم ہیں۔ یہ فیچر بتدریج متعارف کرایا جا رہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
صارفین کو اس فیچر کا استعمال کرنے کے لیے چیٹ ٹیب میں فلٹرز کے برابر موجود پلس (+) آئیکون پر کلک کرنا ہوگا۔ اس کے بعد "لسٹس" اور پھر "نیو لسٹ" کا انتخاب کریں۔ اپنی لسٹ کا نام رکھیں اور افراد یا گروپس کو شامل کریں۔ لسٹ تیار ہونے کے بعد یہ فلٹرز کے ساتھ نظر آنے لگے گی، جس سے مخصوص چیٹس تک رسائی مزید آسان ہوگی۔