لاہور: سینئر اداکارہ صبا حمید نے کہا ہے کہ آج کے بچے ماضی کے مقابلے میں زیادہ ذہین اور ہوشیار ہیں، اور وہ محبت میں ناکامی کی صورت میں آگے بڑھنے کی طرف توجہ دیتے ہیں۔
صبا حمید نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ محبت کے حوالے سے پوچھے جانے پر انہوں نے وضاحت کی کہ 16 سے 25 برس کی عمر کے درمیان دو افراد کی پسندیدگی کو محبت سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عام طور پر نوجوان ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور اسے محبت کا نام دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے "موو آن" جیسی نئی اصطلاح کا ذکر کیا، جو آج کل کے رومانوی تعلقات میں شامل ہو چکی ہے اور ان کے خیال میں یہ ایک مثبت تبدیلی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کے دور میں ناکام محبت کا سامنا کرنے والے افراد کو دکھی سمجھا جاتا تھا، لیکن اب لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ناکامی کے بعد آگے بڑھنے کا وقت ہے۔
صبا حمید نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے نوجوان اپنی نسل سے زیادہ سمجھدار ہیں، اور وہ محبت میں ناکامی کے بعد دوسرا آپشن تلاش کرنے میں ہچکچاتے نہیں۔