وزیراعظم کا مستونگ میں سکول پر دھماکے کی مذمت، دہشتگردی کیخلاف عزم کا اظہار

01:07 PM, 1 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گرلز ہائی سکول پر بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو تعلیم دشمنی کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد ایسے حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

دھماکے کے نتیجے میں بچوں اور ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر وزیراعظم نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ 

شہباز شریف نے دھماکے کے ذمہ داران کی نشاندہی اور انہیں سزا دلوانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملے بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ تک جنگ جاری رہے گی، اور قربانی دینے والے پولیس افسران و جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

مزیدخبریں