مدھیہ پردیش: بھارت میں 48 گھنٹوں کے اندر 8 ہاتھیوں کی پراسرار ہلاکت نے حکام کو تشویش میں ڈال دیا ہے۔ وائلڈ لائف حکام کے مطابق، ریاست مدھیہ پردیش کے بندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو میں 13 ہاتھیوں پر مشتمل ایک جھنڈ کی حالت غیر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق، منگل تک 7 ہاتھی مر چکے تھے، جبکہ بدھ کے روز آٹھواں بیمار ہاتھی بھی مردہ پایا گیا۔ مرنے والی 7 ہاتھنیوں کی عمر تقریباً 3 سال تھی، جب کہ آٹھواں ہاتھی 4 سے 5 سال کا نر تھا۔ وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ جھنڈ کا دسواں ہاتھی طبی امداد ملنے کے بعد بہتر ہو رہا ہے، جبکہ دیگر 3 ہاتھیوں کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
محکمہ جنگلات کے حکام پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 10 دنوں میں تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ہاتھیوں کی موت زہر کی وجہ سے ہوئی ہے۔ حکام اس بات کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا جانوروں نے کوڈو باجرے کے بیج کھائے ہیں، جو خطرناک ہو سکتے ہیں۔ اگر یہ بیج کسی فنگس سے آلودہ ہوں تو وہ سائکلو پیازونک ایسڈ نامی زہریلا مادہ پیدا کر سکتے ہیں۔
حکام کی جانب سے تحقیقات کے لیے ہاتھیوں کی جائے اموات سے 100 کلو میٹر تک کے علاقے کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔