گلگت: گلگت بلتستان کا 77 واں یوم آزادی آج قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر عام تعطیل ہے اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
تقریبات کے دوران مہمان خصوصی گورنر جی بی سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ حاجی گلبرخان اور فورس کمانڈ نے پرچم کشائی کی، جس کے بعد پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔
آرمی ہیلی پیڈ میں بھی یوم آزادی کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ یکم نومبر 1947ء کو گلگت بلتستان نے ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کی، اور اس جدوجہد کا مقصد پاکستان کے ساتھ الحاق تھا۔ گلگت اسکاؤٹس اور مقامی جانبازوں نے مہاراجہ کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے کنٹرول کا خاتمہ کیا، جس کے نتیجے میں پہلی بار پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔
1948ء میں ایک سال کی جدوجہد کے بعد بلتستان بھی ہندوستان کے تسلط سے آزاد کر لیا گیا۔ آج گلگت بلتستان سیاحتی، معاشی اور ثقافتی لحاظ سے اہم مقام رکھتا ہے، اور یہ دن اس علاقے کی تاریخ و ثقافت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔