"غزہ میں فوری جنگ بندی ،اسرائیلی ناکہ بندی کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں"، اسرائیلی جارحیت کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور

04:09 PM, 1 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔ پاکستانی ایوان بالا میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قراردار متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے سینیٹ میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا یہ قرارداد  غزہ کی مقبوضہ پٹی میں مقیم فلسطینیوں کے معصوم بچوں، خواتین اور مردوں کے خلاف انسانیت کے خلاف اسرائیلی جرائم اور ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتی ہے۔

دوسری عالمی جنگ میں ہولوکاسٹ کے بعد سے، کسی بھی ریاست نے اتنے بڑے پیمانے پر قتل و غارت، قتل عام اور جنگی جرائم کا ارتکاب نہیں کیا۔ یہ فلسطینیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرتی ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ اس قرارداد کے ذریعے   غزہ میں فوری جنگ بندی اور غزہ کی اسرائیلی ناکہ بندی کو ختم کرنے ، تمام انسانی تنظیموں کو امدادی سامان، ادویات، خوراک اور پانی غزہ تک پہنچانے کے لیے مکمل رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں  اور اسرائیلی جارحیت ، ظلم و جبر اور امت مسلمہ کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کرنے والی اسرائیلی سرگرمیاں بند کرنے پر زور دیتے ہیں۔

مزیدخبریں